مواد فوراً دِکھائیں

گورننگ باڈی کے رُکن بھائی مارک سینڈرسن روسی اِشاروں کی زبان میں بائبل کا ترجمہ نئی دُنیا ریلیز کر رہے ہیں۔ فرق فرق ملکوں سے یہوواہ کے گواہوں نے اسِ پروگرام کو دیکھا۔ (‏اُوپر بائیں سے دائیں)‏ یوکرین، لیٹویا، آستانہ، قازقستان اور قازقستان کا شہر الماتی۔‏

31 مئی 2023ء
عالمی خبریں

روسی اِشاروں کی زبان میں بائبل کا مکمل ترجمہ نئی دُنیا ریلیز ہوا

روسی اِشاروں کی زبان میں بائبل کا مکمل ترجمہ نئی دُنیا ریلیز ہوا

27 مئی 2023ء کو گورننگ باڈی کے رُکن بھائی مارک سینڈرسن نے روسی اِشاروں کی زبان میں کتابِ مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا ریلیز کِیا۔ یہ پہلی بار تھا کہ روسی اِشاروں کی زبان میں بائبل کا مکمل ترجمہ نئی دُنیا ریلیز ہوا۔ اِس پروگرام پر کُل 148 لوگ حاضر تھے۔ اُن کے علاوہ 15 ملکوں سے 5000 لوگوں نے اِسے یا تو ویڈیو کال کے ذریعے یا پھر اِنٹرنیٹ پر لائیو دیکھا۔ بائبل کا یہ ترجمہ ویب‌سائٹ jw.org پر اور اِشاروں کی زبان والی ”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ ایپ پر دستیاب ہے۔‏

اِس نئے ترجمے کے بارے میں ہمارے ایک بھائی نے جو بہرے ہیں، کہا:‏ ”‏جب مَیں بائبل کو اِشاروں کی زبان میں دیکھتا ہوں تو ایسا لگتا ہے جیسے مَیں دیکھ سکتا ہوں کہ یسوع لوگوں کو تکلیف میں دیکھ کر کیسا محسوس کرتے ہوں گے۔ اِس نے میرا دل چُھو لیا ہے۔“‏

روسی اِشاروں کی زبان میں ترجمہ نئی دُنیا ریلیز ہونے سے پہلے بہت سے ایسے یہوواہ کے گواہوں کے پاس صرف چھپی ہوئی بائبل ہی تھی جو بہرے تھے۔ اِس لیے کچھ مبشروں کو کئی اِصطلا‌حوں یا باتوں کو سمجھنا مشکل لگتا تھا۔ مگر روسی اِشاروں کی زبان میں ترجمہ نئی دُنیا میں بڑی تفصیل سے باتیں بتائی گئی ہیں۔‏

مثال کے طور پر پہلا سلاطین 17 باب میں صارپت میں رہنے والی بیوہ کا واقعہ ہے جو ایلیاہ نبی کو بتاتی ہے کہ وہ اور اُس کا بیٹا کھانا کھانے کے بعد مر جائیں گے۔ کچھ بہرے مبشر اِس واقعے کو پڑھ کر سوچتے تھے کہ بیوہ کہہ رہی ہے کہ اُس کے کھانے میں زہر ہے اِس لیے وہ اور اُس کا بیٹا اِسے کھا کر مر جائیں گے۔ لیکن روسی اِشاروں کی زبان کے ترجمہ نئی دُنیا میں اِس واقعے کو اَور واضح طور پر بتایا گیا ہے۔ وہاں بتایا گیا ہے کہ اُس بیوہ کے پاس صرف ایک وقت کا ہی کھانا بچ گیا تھا۔‏

فرق فرق قوموں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ روسی اِشاروں کی زبان اِستعمال کرتے ہیں۔ اِس لیے ترجمہ نئی دُنیا کا ترجمہ کرنے والوں نے اِس بات کو یاد رکھا کہ فرق فرق علاقوں کے لوگ مختلف اِشاروں کو فرق طرح سے سمجھتے ہیں۔ اِس حوالے سے ایک ترجمہ نگار نے کہا:‏ ”‏شاید جس اِشارے کا مطلب ایک علاقے کے لوگ ”‏گُناہ“‏ سمجھیں، اُسی اِشارے کا مطلب دوسرے علاقے کے لوگ ”‏خدا“‏ سمجھیں۔ اِس کے علاوہ ”‏شاگرد“‏ کے لیے جو اِشارہ اِستعمال کِیا جاتا ہے، اُسے ایک علاقے کے لوگ ”‏آخری“‏ سمجھتے ہیں اور دوسرے علاقے کے لوگ ”‏غریب“‏ سمجھتے ہیں۔ ایک ٹیم کے طور پر ہم نے اِس بات کی پوری کوشش کی کہ ہم ایسے اِشارے اِستعمال کریں جسے زیادہ‌تر لوگ سمجھ سکیں۔“‏

ہم روسی اِشاروں کی زبان اِستعمال کرنے والے بہن بھائیوں کے لیے بہت خوش ہیں اور یہوواہ کے بہت شکرگزار ہیں کہ اُس نے اُنہیں اِتنا شان‌دار تحفہ دیا ہے۔—‏اَمثال 10:‏22‏۔‏