مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

جان بچانے کے لیے فوری قدم اُٹھائیں

جان بچانے کے لیے فوری قدم اُٹھائیں

چھبیس دسمبر 2004ء کو 1.‏9 شدت کے زلزلے نے اِنڈونیشیا  کے  جزیرے  سیمولو کو ہلا کر رکھ دیا۔‏ جب ساحل پر موجود لوگوں نے یہ دیکھا کہ سمندر کی لہریں معمول سے زیادہ پیچھے ہٹ رہی ہیں تو وہ ”‏سمون!‏ سمون!‏“‏ (‏مقامی زبان میں سونامی کا نام)‏ چلّا‌نے لگے اور اُونچی جگہوں کی طرف بھاگنے لگے۔‏ آدھے گھنٹے کے اندر اندر پانی کی طاقت‌ور لہریں آئیں اور بہت سے گھروں اور گاؤں کو تباہ‌وبرباد کر گئیں۔‏

جزیرہ سیمولو،‏ سماٹرا کے جزیرے کے شمال مغرب میں ہے۔‏ سب سے پہلے سونامی کی تباہ‌کُن لہریں سیمولو سے ہی ٹکرائیں۔‏ پھر بھی وہاں رہنے والے 78 ہزار لوگوں میں سے صرف 7 کی جان گئی۔‏ * اِس کی وجہ یہ تھی کہ جزیرے کے لوگوں میں یہ بات نسل در نسل چلی آ رہی ہے کہ ”‏جب شدید زلزلہ آئے اور سمندر کی لہریں پیچھے چلی جائیں تو اُونچی جگہ کی طرف بھاگو کیونکہ یہ لہریں زیادہ شدت سے واپس آئیں گی۔‏“‏ سیمولو کے لوگ جانتے تھے کہ سمندر کی لہروں میں آنے والی تبدیلی اِس بات کی نشانی ہے کہ سونامی آنے والا ہے۔‏ چونکہ اُنہوں نے خطرے کو بھانپ کر فوری قدم اُٹھایا اِس لیے اُن کی جان بچ گئی۔‏

پاک کلام میں ایک ایسی آفت کے بارے میں بتایا گیا ہے جو جلد آنے والی ہے۔‏ اِس میں لکھا ہے:‏ ”‏تب ایسی بڑی مصیبت آئے گی جو دُنیا کے شروع سے لے کر اب تک نہیں آئی اور نہ ہی دوبارہ کبھی آئے گی۔‏“‏ (‏متی 24:‏21‏)‏ لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ زمین اِنسانوں کی وجہ سے یا کسی قدرتی آفت کی وجہ سے تباہ ہو جائے گی۔‏ یہ بڑی مصیبت دراصل خدا کی طرف سے آئے گی جس میں وہ ’‏اُن لوگوں کو تباہ کرے گا جو زمین کو تباہ کر رہے ہیں۔‏‘‏ (‏مکا‌شفہ 11:‏18‏)‏ لیکن زمین ہمیشہ تک قائم رہے گی۔‏ (‏واعظ 1:‏4‏)‏ اِس مصیبت کے دوران زمین سے تمام بُرائی اور تکلیفوں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔‏ (‏امثال 2:‏22‏)‏ بےشک وہ بہت خوش‌گوار وقت ہوگا!‏

سونامیوں،‏ زلزلوں اور آتش‌فشاں پہاڑوں کے پھٹنے کی وجہ  سے  بہت  سے معصوم لوگ مارے جاتے ہیں۔‏ لیکن جو تباہی خدا لانے والا ہے،‏ اُس میں معصوم لوگ نہیں مریں گے کیونکہ پاک کلام میں لکھا ہے کہ ”‏خدا محبت ہے“‏ اور اُس نے وعدہ کِیا ہے کہ ”‏صادق زمین کے وارث ہوں گے اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔‏“‏ (‏1-‏یوحنا 4:‏8؛‏ زبور 37:‏29‏)‏ ہم کیا کر سکتے ہیں تاکہ ہم بڑی مصیبت سے بچ سکیں اور وہ برکتیں حاصل کر سکیں جن کا خدا نے وعدہ کِیا ہے؟‏ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم خطرے کو بھانپیں اور فوری قدم اُٹھائیں۔‏

بگڑتے حالات—‏خاتمے کی نشانی

ہم یہ نہیں جان سکتے کہ بُرائی اور تکلیفوں کا خاتمہ کس تاریخ پر ہوگا کیونکہ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏اُس دن یا گھنٹے کے بارے میں کسی کو نہیں پتہ،‏ نہ آسمان کے فرشتوں کو،‏ نہ بیٹے کو بلکہ صرف باپ کو۔‏“‏ لیکن اُنہوں نے ہماری حوصلہ‌افزائی کی کہ ہم ‏”‏چوکس رہیں۔‏“‏ (‏متی 24:‏36؛‏ 25:‏13‏)‏ ہم چوکس کیسے رہ سکتے ہیں؟‏ پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ خاتمے سے پہلے دُنیا کے حالات کیسے ہوں گے۔‏ جس طرح لہروں کے اُتار چڑھاؤ میں تبدیلی کی وجہ سے سیمولو کے لوگوں کو اندازہ ہو گیا کہ سونامی آنے والا ہے،‏ اُسی طرح دُنیا کے بگڑتے حالات کو دیکھ کر ہمیں پتہ چلتا ہے کہ اِس بُری دُنیا کا خاتمہ نزدیک ہے۔‏ اِس مضمون میں دیے گئے بکس میں کچھ ایسی نشانیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جن کا پاک کلام میں ذکر ہوا ہے۔‏

بکس میں جن حالات اور واقعات کا ذکر کِیا گیا ہے،‏ وہ ماضی میں شاذونادر ہی ہوتے تھے۔‏ لیکن متی 24:‏33 میں درج یسوع مسیح کی بات سے اِشارہ ملتا ہے کہ جب ”‏یہ ساری باتیں“‏ اکثر دیکھنے میں آئیں تو خاتمہ نزدیک ہوگا۔‏ یقیناً آپ اِس بات سے اِتفاق کریں گے کہ ہم اِنسانی تاریخ کے اُس دَور میں رہ رہے ہیں جس میں یہ ساری باتیں پوری دُنیا میں ہو رہی ہیں،‏ ایک ہی وقت پر ہو رہی ہیں اور حالات اِتنے خراب ہو گئے ہیں کہ پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے۔‏

خدا کی محبت کا ثبوت

ایک سابق امریکی صدر نے کہا:‏ ”‏وارننگ سسٹم کی وجہ سے .‏ .‏ .‏ لوگوں کی زندگیاں بچ سکتی ہیں۔‏“‏ 2004ء کے سونامی کے بعد متاثرہ علا‌قے میں ایک وارننگ سسٹم لگا‌یا گیا تاکہ مستقبل میں سونامی سے ہونے والے جانی نقصان کو کم کِیا جا سکے۔‏ اِسی طرح خدا نے بھی یہ بندوبست کِیا ہے کہ اِس بُری دُنیا کو ختم کرنے سے پہلے لوگوں کو خبردار کرے۔‏ پاک کلام میں لکھا ہے کہ ”‏بادشاہت کی خوش‌خبری کی مُنادی ساری دُنیا میں کی جائے گی تاکہ سب قوموں کو گواہی ملے۔‏ پھر خاتمہ آئے گا۔‏“‏—‏متی 24:‏14‏۔‏

پچھلے سال یہوواہ کے گواہوں نے لوگوں کو 240 ملکوں میں  700  سے  زیادہ زبانوں میں خدا کی بادشاہت کی خوش‌خبری سنائی اور اِس کام میں 1 ارب 90 کروڑ گھنٹے صرف کیے۔‏ یہ اِس بات کا ٹھوس ثبوت ہے کہ خاتمہ نزدیک ہے۔‏ یہوواہ کے گواہ اپنے پڑوسیوں سے محبت کرتے ہیں اِس لیے وہ اُنہیں خدا کے روزِعدالت کے بارے میں بتاتے ہیں جو کہ بہت جلد آنے والا ہے۔‏ (‏متی 22:‏39‏)‏ یہوواہ خدا آپ کو بھی خبردار کر رہا ہے اور یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ وہ آپ سے محبت کرتا ہے۔‏ ”‏یہوواہ .‏ .‏ .‏ نہیں چاہتا کہ کوئی بھی شخص ہلا‌ک ہو بلکہ وہ چاہتا ہے کہ سب لوگ توبہ کریں۔‏“‏ (‏2-‏پطرس 3:‏9‏)‏ کیا آپ خدا کی محبت کو قبول کریں گے اور اپنے بچاؤ کے لیے قدم اُٹھائیں گے؟‏

خدا کی پناہ میں آئیں اور جان بچائیں

سیمولو کے ساحلی گاؤں میں رہنے والے لوگوں نے جیسے ہی لہروں کو پیچھے جاتے دیکھا،‏ وہ اُونچی جگہوں پر بھاگ گئے۔‏ اُنہوں نے لہروں کے واپس آنے کا اِنتظار نہیں کِیا۔‏ اُنہوں نے فوری طور پر قدم اُٹھایا اِس لیے اُن کی زندگیاں بچ گئیں۔‏ آنے والی بڑی مصیبت سے بچنے کے لیے ہمیں بھی مجازی معنوں میں اُونچی جگہوں کی طرف بھاگنے کی ضرورت ہے۔‏ یسعیاہ نبی نے کہا کہ ”‏آخری دنوں“‏ میں لوگوں کو یہ دعوت دی جائے گی:‏ ”‏آؤ [‏یہوواہ]‏ کے پہاڑ پر چڑھیں .‏ .‏ .‏ اور وہ اپنی راہیں ہم کو بتائے گا اور ہم اُس کے راستوں پر چلیں گے۔‏“‏—‏یسعیاہ 2:‏2،‏ 3‏۔‏

جب ایک شخص پہاڑ کی چوٹی پر ہوتا ہے تو وہ اِردگِرد کے حالات کو زیادہ بہتر طور پر دیکھ سکتا ہے اور محفوظ بھی رہ سکتا ہے۔‏ دُنیا بھر میں لاکھوں لوگ پاک کلام سے خدا کی راہوں کے بارے میں جان رہے ہیں اور اپنی زندگیوں میں تبدیلیاں  کر  رہے  ہیں۔‏ (‏2-‏تیمُتھیُس 3:‏16،‏ 17‏)‏ اِس طرح وہ خدا کے راستوں پر چلنے لگے ہیں،‏ اُنہیں اُس کی خوشنودی حاصل ہو گئی ہے اور وہ اُس کی پناہ میں آ گئے ہیں۔‏

کیا آپ خدا کی دعوت کو قبول کریں گے اور اِس مشکل دَور میں اُس کی پناہ میں آئیں گے؟‏ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ بکس میں دیے گئے اُن ثبوتوں پر غور کریں جن سے پتہ چلتا ہے کہ ہم آخری زمانے میں رہ رہے ہیں۔‏ اگر آپ چاہیں تو یہوواہ کے گواہ اِس بکس میں دیے گئے صحیفوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔‏ یا پھر آپ اپنے سوالوں کے جواب ہماری ویب‌سائٹ www.dan124.com سے حاصل کر سکتے ہیں۔‏

^ پیراگراف 3 2004ء کا یہ سونامی تاریخ کے بدترین سونامیوں میں سے ایک ہے اور اِس میں 2 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ لوگوں کی جانیں گئیں۔‏