مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا یہ خالق کی کاریگری ہے؟‏

اگاما چھپکلی کی دُم

اگاما چھپکلی کی دُم

اگاما چھپکلی بڑی آسانی سے چپٹی سطح سے دیوار پر چھلانگ لگا سکتی ہے۔‏ لیکن اگر سطح پھسلنی ہو تو چھلانگ لگاتے وقت اِس کی پکڑ مضبوط نہیں رہتی۔‏ البتہ یہ چھپکلی دیوار پر صحیح‌سلامت پہنچ جاتی ہے۔‏ وہ یہ کیسے کر پاتی ہے؟‏ اِس کا راز اُس کی دُم میں چھپا ہے۔‏

غور کریں:‏ کھردری سطح پر اگاما چھپکلی کی پکڑ بہت مضبوط ہوتی ہے۔‏ اِس سطح سے چھلانگ لگانے سے پہلے وہ اپنے جسم کا توازن ٹھیک کرتی ہے اور اپنی دُم کو نیچے کی طرف کر لیتی ہے۔‏ اِس طرح چھلانگ لگاتے وقت اُس کے جسم کی پوزیشن صحیح رہتی ہے۔‏ لیکن جب وہ پھسلنی جگہ سے چھلانگ لگاتی ہے تو اُس کے جسم کا توازن قائم نہیں رہتا جس کی وجہ سے اُس کے جسم کی پوزیشن صحیح نہیں رہتی۔‏ امریکہ کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے مطابق ”‏اگاما چھپکلی اپنے جسم کی پوزیشن کو صحیح کرنے کے لئے ہوا میں اپنی دُم اُوپر کی طرف کرتی ہے۔‏“‏ سطح جتنی زیادہ پھسلنی ہوتی ہے،‏ اگاما چھپکلی اُتنا ہی زیادہ اپنی دُم کو اُوپر اُٹھاتی ہے تاکہ وہ صحیح‌سلامت دیوار پر پہنچ جائے۔‏

انجینئرز،‏ اگاما چھپکلی کی دُم پر تحقیق کر رہے ہیں تاکہ وہ ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی ایسی گاڑیاں بنا سکیں جن کے ذریعے زلزلے یا کسی اَور قدرتی آفت کے بعد اُن لوگوں کو ڈھونڈا جا سکے جو ملبے تلے دب جاتے ہیں۔‏ اِس سلسلے میں ایک تحقیق‌دان تھامس لی‌بی کہتے ہیں:‏ ”‏روبوٹس اُتنی اچھی طرح اپنا توازن قائم نہیں رکھ سکتے جتنی اچھی طرح جانور رکھ سکتے ہیں۔‏ لیکن ہم جانوروں پر تحقیق کرکے ایسا روبوٹ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جو زیادہ اچھی طرح اپنا توازن برقرار رکھے۔‏“‏

آپ کا کیا خیال ہے؟‏ کیا اگاما چھپکلی کی دُم میں یہ صلاحیت خودبخود پیدا ہو گئی؟‏ یا کیا یہ خالق کی کاریگری ہے؟‏