مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

عدالت کے دن کے دوران کیا ہوگا؟‏

عدالت کے دن کے دوران کیا ہوگا؟‏

پاک صحیفوں کی تعلیم

عدالت کے دن کے دوران کیا ہوگا؟‏

اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔‏ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔‏ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔‏

۱.‏ عدالت کے دن کا مقصد کیا ہے؟‏

ذرا اِس صفحے کے بائیں طرف دی گئی تصویر پر غور کریں۔‏ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ عدالت کے دن پر اربوں روحیں خدا کے تخت کے سامنے لائی جائیں گی۔‏ اور خدا اُن کا انصاف اُن کاموں کی بنا پر کرے گا جو اُنہوں نے مرنے سے پہلے کئے تھے۔‏ جنہوں نے اچھے کام کئے تھے،‏ اُنہیں آسمان میں زندگی ملے گی اور جنہوں نے بُرے کام کئے تھے،‏ اُنہیں دوزخ میں ڈال دیا جائے گا۔‏ لیکن بائبل میں بتایا گیا ہے کہ عدالت کے دن کے دوران خدا انسانوں کو اُس ناانصافی سے نجات دِلائے گا جو وہ ہزاروں سال سے سہتے رہے ہیں۔‏ (‏زبور ۹۶:‏۱۳‏)‏ خدا نے عدالت کرنے کی ذمہ‌داری یسوع مسیح کو دی ہے۔‏ وہ زمین پر امن اور انصاف قائم کریں گے۔‏‏—‏یسعیاہ ۱۱:‏۱-‏۵؛‏ اعمال ۱۷:‏۳۱ کو پڑھیں۔‏

۲.‏ عدالت کے دن میں انسانوں کو ناانصافی سے نجات کیسے ملے گی؟‏

سب سے پہلے انسان آدم نے خدا کی نافرمانی کی تھی۔‏ اِس کی وجہ سے اُن کی ساری اولاد گُناہ اور موت کی غلامی میں چلی گئی۔‏ (‏رومیوں ۵:‏۱۲‏)‏ یسوع مسیح انسانوں کو اِس ناانصافی سے نجات دِلائیں گے۔‏ وہ کروڑوں مُردوں کو زندہ کریں گے۔‏ بائبل میں مکاشفہ کی کتاب میں بتایا گیا ہے کہ یہ سب کچھ یسوع مسیح کی حکمرانی میں ہوگا جو ایک ہزار سال کے لئے ہوگی۔‏‏—‏مکاشفہ ۲۰:‏۴،‏ ۱۱،‏ ۱۲ کو پڑھیں۔‏

عدالت کے دن کے دوران جن مُردوں کو زندہ کِیا جائے گا،‏ اُن کا انصاف اُن کاموں کی بنا پر نہیں ہوگا جو اُنہوں نے مرنے سے پہلے کئے تھے۔‏ مکاشفہ کی کتاب کے ۲۰ باب میں بتایا گیا ہے کہ اُس وقت نئی ”‏کتابیں“‏ یعنی خدا کی طرف سے نئی ہدایات دی جائیں گی۔‏ لوگوں کا انصاف اِس بنا پر ہوگا کہ وہ اِن ہدایات پر عمل کرتے ہیں یا نہیں۔‏ (‏رومیوں ۶:‏۷‏)‏ جن لوگوں کو زندہ کِیا جائے گا اور خدا کے بارے میں سیکھنے کا موقع دیا جائے گا،‏ اُن میں ’‏راست‌باز اور ناراست دونوں‘‏ طرح کے لوگ شامل ہوں گے۔‏‏—‏اعمال ۲۴:‏۱۵ کو پڑھیں۔‏

۳.‏ عدالت کے دن کے آخر پر صورتحال کیا ہوگی؟‏

جن لوگوں کو مرنے سے پہلے یہوواہ خدا کے بارے میں سیکھنے کا موقع نہیں ملا تھا،‏ اُنہیں خدا کی خدمت کرنے کا موقع دیا جائے گا۔‏ اگر وہ خدا کے حکموں پر چلیں گے تو وہ ہمیشہ کی زندگی پائیں گے۔‏ لیکن بعض لوگ زندہ ہونے کے بعد بھی خدا کی مرضی پر چلنا نہیں چاہیں گے۔‏ ایسے لوگ موت کی سزا پائیں گے۔‏‏—‏یوحنا ۵:‏۲۸،‏ ۲۹؛‏ یسعیاہ ۲۶:‏۱۰؛‏ ۶۵:‏۲۰ کو پڑھیں۔‏

عدالت کا دن ایک ہزار سال کا ہوگا جس کے آخر تک یہوواہ خدا تمام انسانوں کو آدم کے گُناہ سے پاک کر چُکا ہو گا۔‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۲۴-‏۲۸‏)‏ وفادار انسانوں کے لئے یہ کیا ہی شاندار اُمید ہے!‏ اِس کے بعد انسانوں کا آخری اِمتحان لیا جائے گا۔‏ خدا شیطان کو اتھاہ‌گڑھے سے باہر نکالے گا جس میں شیطان ہزار سال سے قید تھا۔‏ شیطان پھر سے انسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرے گا۔‏ جو لوگ اُس کے پیچھے نہیں لگیں گے،‏ وہ ہمیشہ تک زمین پر زندہ رہیں گے۔‏‏—‏یسعیاہ ۲۵:‏۸؛‏ مکاشفہ ۲۰:‏۷-‏۹ کو پڑھیں۔‏

۴.‏ اصطلاح ’‏عدالت کا دن‘‏ اَور کس وقت کی طرف اشارہ کرتی ہے؟‏

بائبل میں یہ اصطلاح اُس وقت کی طرف اشارہ کرنے کے لئے بھی استعمال کی گئی ہے جب اِس بُری دُنیا کا خاتمہ ہوگا۔‏ یہ دن اچانک آئے گا جس طرح نوح نبی کے زمانے میں طوفان اچانک آیا تھا اور بُرے لوگوں کو بہا کر لے گیا تھا۔‏ جب بہت جلد تمام بُرے لوگ ہلاک ہو جائیں گے تو پھر زمین پر صرف نیک اور راست‌باز لوگ ہی آباد ہوں گے۔‏ وہ وقت کیا ہی شاندار ہوگا!‏‏—‏۲-‏پطرس ۳:‏۶،‏ ۷،‏ ۱۳ کو پڑھیں۔‏

مزید معلومات کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے صفحہ ۲۱۳-‏۲۱۵ کو دیکھیں۔‏ یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۱۶ پر تصویر]‏

‏”‏آخری عدالت،‏“‏ گستاؤ دورے (‏۱۸۳۲ء-‏۱۸۸۳ء)‏ کی بنائی ہوئی تصویر

‏[‏تصویر کا حوالہ]‏

Engravings by Doré