مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

حصہ 4

آپ پیسوں کو سمجھ‌داری سے کیسے اِستعمال کر سکتے ہیں؟‏

آپ پیسوں کو سمجھ‌داری سے کیسے اِستعمال کر سکتے ہیں؟‏

‏”‏ہر ایک کام مشورۃ سے ٹھیک ہوتا ہے۔“‏—‏امثال 20:‏18

اپنے گھر والوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہم سب کو پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ (‏امثال 30:‏8‏)‏ دراصل پیسہ ایک پناہ‌گاہ کی طرح ہے۔ (‏واعظ 7:‏12‏)‏ میاں‌بیوی میں اکثر پیسوں کے معاملے میں اِختلافات پیدا ہو جاتے ہیں۔ لیکن پیسوں کی وجہ سے اپنے رشتے میں دراڑ نہ پڑنے دیں۔ (‏افسیوں 4:‏32‏)‏ میاں‌بیوی کو ایک دوسرے پر بھروسا رکھنا چاہیے اور مل کر یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ وہ پیسوں کو کیسے اِستعمال کریں گے۔‏

1 سوچ‌سمجھ کر پیسہ خرچ کریں

خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟‏ ”‏تُم میں ایسا کون ہے کہ جب وہ ایک بُرج بنانا چاہے تو پہلے بیٹھ کر لاگت کا حساب نہ کر لے کہ آیا میرے پاس اُس کے تیار کرنے کا سامان ہے یا نہیں؟“‏ (‏لوقا 14:‏28‏)‏ یہ بہت ضروری ہے کہ آپ مل کر فیصلہ کریں کہ آپ پیسوں کو کہاں‌کہاں خرچ کریں گے۔ (‏عاموس 3:‏3‏)‏ یہ پہلے سے طے کریں کہ آپ کو کون‌سی چیزیں خریدنی ہیں اور آپ اِن پر کتنا پیسہ خرچ کر سکتے ہیں۔ (‏امثال 31:‏16‏)‏ شاید آپ کے پاس کوئی چیز خریدنے کے لیے پیسے تو ہوں لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو یہ چیز خریدنی بھی چاہیے۔ قرضہ اُٹھانے سے بچیں اور اُنہی پیسوں میں گزارہ کریں جو آپ کے پاس ہیں۔—‏امثال 21:‏5؛‏ 22:‏7‏۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

  • اگر مہینے کے آخر میں آپ کے پاس کچھ رقم بچ جاتی ہے تو مل کر فیصلہ کریں کہ آپ اِس کے ساتھ کیا کریں گے۔‏

  • اگر آپ کے خرچے آپ کی آمدنی سے زیادہ ہیں تو اِنہیں کم کرنے کا منصوبہ بنائیں۔ مثال کے طور پر باہر کھانا کھانے کی بجائے گھر پر کھانا پکائیں۔‏

2 روپے پیسے کے بارے میں کُھل کر بات کریں

خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟‏ ”‏تُم سب اپنے پڑوسیوں سے سچ بولو۔“‏ (‏زکریاہ 8:‏16‏)‏ اپنے جیون‌ساتھی کو سچ‌سچ بتائیں کہ آپ کی تنخواہ کتنی ہے اور آپ کتنا پیسہ خرچ کرتے ہیں۔‏

روپے پیسے کے معاملے میں کوئی بھی اہم فیصلہ کرنے سے پہلے اپنے جیون‌ساتھی سے مشورہ کریں۔ (‏امثال 13:‏10‏)‏ اگر آپ اِس بارے میں کُھل کر بات کرتے ہیں تو آپ کے گھر کا سکون برقرار رہے گا۔ یہ نہ سمجھیں کہ آپ کی آمدنی پر صرف آپ ہی کا حق ہے بلکہ اِسے اپنے گھر والوں کی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے بھی اِستعمال کریں۔—‏1-‏تیمتھیس 5:‏8‏۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

  • پہلے سے طے کریں کہ آپ ایک دوسرے سے پوچھے بغیر کتنے پیسے خرچ کر سکتے ہیں۔‏

  • پیسوں کے معاملے پر بات کرنے کے لیے اُس وقت تک اِنتظار نہ کریں جب تک کوئی مسئلہ کھڑا نہیں ہوتا۔‏