مواد فوراً دِکھائیں

نوجوانوں کا سوال

کیا مجھے بپتسمہ لینا چاہیے؟—‏دوسرا حصہ:‏ بپتسمہ لینے کے لیے تیاری

کیا مجھے بپتسمہ لینا چاہیے؟—‏دوسرا حصہ:‏ بپتسمہ لینے کے لیے تیاری

 اگر آپ بائبل کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں اور آپ خدا سے دوستی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو بے‌شک آپ بپتسمہ لینا چاہتے ہوں گے۔ لیکن آپ کیسے جان سکتے ہیں کہ آپ یہ اہم قدم اُٹھانے کے لیے تیار ہیں؟‏ a

اِس مضمون میں ہم دیکھیں گے:‏

 مجھے بائبل کے بارے میں کتنا کچھ پتہ ہونا چاہیے؟‏

 بپتسمہ لینے کی تیاری کرنے میں یہ شامل نہیں ہے کہ آپ کو بائبل کے بارے میں ہر بات رٹی ہو، شاید بالکل ویسے ہی جیسے ایک شخص سکول میں اِمتحان پاس کرنے کے لیے سب کچھ رٹ لیتا ہے۔ لیکن آپ کو اپنی ”‏سوچنے سمجھنے کی صلاحیت“‏ کو اِستعمال کرتے ہوئے اِس بات پر اپنے یقین کو بڑھانا ہوگا کہ بائبل میں جو کچھ لکھا ہے، وہ سچ ہے۔ (‏رومیوں 12:‏1‏)‏ مثال کے طور پر:‏

  •   کیا آپ کو یقین ہے کہ خدا ہے اور وہ اِس بات کا حق رکھتا ہے کہ آپ اُس کی عبادت کریں؟‏

     پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏جو شخص خدا کی عبادت کرتا ہے، اُس کو ایمان رکھنا ہوگا کہ وہ ہے اور اُن سب کو اجر دے گا جو لگن سے اُس کی خدمت کرتے ہیں۔“‏—‏عبرانیوں 11:‏6‏۔‏

     خود سے پوچھیں:‏ ”‏مَیں خدا پر ایمان کیوں رکھتا ہوں؟“‏ (‏عبرانیوں 3:‏4‏)‏ ”‏مجھے خدا کی عبادت کیوں کرنی چاہیے؟“‏—‏مُکاشفہ 4:‏11‏۔‏

     کیا آپ کو مدد چاہیے؟‏ ‏”‏آپ کے ہم‌عمر کیا کہتے ہیں؟—‏خدا پر ایمان‏“‏ کو دیکھیں۔‏

  •   کیا آپ کو یقین ہے کہ بائبل میں جو باتیں لکھی ہیں، وہ خدا کی طرف سے ہیں؟‏

     پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏پاک صحیفوں میں جو کچھ بھی لکھا ہے، وہ خدا کے اِلہام سے ہے اور تعلیم دینے، اِصلاح کرنے، معاملوں کو سدھارنے اور خدا کے معیاروں کے مطابق تربیت کرنے کے لیے فائدہ‌مند ہے۔“‏—‏2-‏تیمُتھیُس 3:‏16‏۔‏

     خود سے پوچھیں:‏ ”‏مجھے اِس بات کا یقین کیوں ہے کہ بائبل میں جو باتیں لکھی ہیں، وہ اِنسانی نظریوں کے مطابق نہیں ہیں؟“‏—‏یسعیاہ 46:‏10؛‏ 1-‏تھسلُنیکیوں 2:‏13‏۔‏

     کیا آپ کو مدد چاہیے؟‏ ”‏خدا کا کلام میری مدد کیسے کر سکتا ہے؟—‏پہلا حصہ:‏ بائبل کو پڑھنے کا شوق پیدا کریں‏“‏ کو دیکھیں۔‏

  •   کیا آپ کو اِس بات کا یقین ہے کہ یہوواہ مسیحی کلیسیا کے ذریعے اپنے مقصد کو پورا کر رہا ہے؟‏

     پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏کلیسیا اور مسیح یسوع کے ذریعے پُشت در پُشت اور ہمیشہ ہمیشہ تک [‏خدا]‏ کی بڑائی ہو۔“‏—‏اِفِسیوں 3:‏21‏۔‏

     خود سے پوچھیں:‏ ”‏مَیں عبادتوں میں بائبل سے جو کچھ سیکھتا ہوں، اُن کے بارے میں کیا مَیں مانتا ہوں کہ یہ باتیں اِنسانوں کی طرف سے نہیں بلکہ خدا کی طرف سے ہیں؟“‏ (‏متی 24:‏45‏)‏ ”‏کیا مَیں اُس وقت بھی عبادتوں میں جاتا ہوں جب میرے امی ابو ایسا نہیں کر سکتے (‏اگر اُنہوں نے آپ کو عبادتوں میں جانے کے لیے اِجازت دی ہوئی ہے)‏؟“‏—‏عبرانیوں 10:‏24، 25‏۔‏

     کیا آپ کو مدد چاہیے؟‏ ”‏مجھے یہوواہ کے گواہوں کی عبادت‌گاہ کیوں جانا چاہیے؟‏‏“‏ کو دیکھیں۔‏

 مجھے کیا کرنا چاہیے؟‏

 بپتسمہ لینے کے لیے بے‌عیب ہونا ضروری نہیں ہے۔ لیکن آپ کے کاموں سے یہ ضرور ظاہر ہونا چاہیے کہ آپ ’‏بُرے کام چھوڑنا اور اچھے کام‘‏ کرنا چاہتے ہیں۔ (‏زبور 34:‏14‏)‏ مثال کے طور پر:‏

  •   کیا آپ یہوواہ کے معیاروں کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں؟‏

     پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏اپنا ضمیر صاف رکھیں۔“‏—‏1-‏پطرس 3:‏16‏۔‏

     خود سے پوچھیں:‏ ”‏کیا مَیں یہ دِکھا رہا ہوں کہ مَیں نے ”‏اپنی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت“‏ کو اِتنا تیز کر لیا ہے کہ مَیں اچھے اور بُرے میں فرق کر سکوں؟“‏ (‏عبرانیوں 5:‏14‏)‏ ”‏کیا مَیں کچھ ایسے موقعوں کے بارے میں سوچ سکتا ہوں جب مَیں نے اپنے ہم‌عمروں کی طرف سے غلط کام کرنے کے دباؤ کا مقابلہ کِیا؟ کیا مَیں نے ایسے دوست بنائے ہیں جو صحیح کام کرنے کے لیے میرا حوصلہ بڑھاتے ہیں؟“‏—‏اَمثال 13:‏20‏۔‏

     کیا آپ کو مدد چاہیے؟‏ ”‏مَیں اپنے ضمیر کی تربیت کیسے کر سکتا ہوں؟‏‏“‏ کو دیکھیں۔‏

  •   کیا آپ اپنے کاموں کی ذمے‌داری اُٹھاتے ہیں؟‏

     پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏ہم سب کو خدا کے سامنے حساب دینا پڑے گا۔“‏—‏رومیوں 14:‏12‏۔‏

     خود سے پوچھیں:‏ ”‏کیا مَیں ایمان‌داری سے کام لیتا ہوں؟“‏ (‏عبرانیوں 13:‏18‏)‏ ”‏کیا مَیں اپنی غلطیاں مانتا ہوں یا اِنہیں چھپانے کی کوشش کرتا ہوں یا اِن کا اِلزام دوسروں پر لگاتا ہوں؟“‏—‏اَمثال 28:‏13‏۔‏

     کیا آپ کو مدد چاہیے؟‏ ”‏مَیں اپنی غلطیوں کو سدھارنے کے لیے کیا کر سکتا ہوں؟‏‏“‏ کو دیکھیں۔‏

  •   کیا آپ یہوواہ کے ساتھ اپنی دوستی مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟‏

     پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏خدا کے قریب جائیں تو وہ آپ کے قریب آئے گا۔“‏—‏یعقوب 4:‏8‏۔‏

     خود سے پوچھیں:‏ ”‏مَیں یہوواہ کے قریب جانے کے لیے کون سے کام کر رہا ہوں، مثال کے طور پر کیا مَیں ہر روز بائبل پڑھتا ہوں؟“‏ (‏زبور 1:‏1، 2‏)‏ ”‏کیا میں روزانہ دُعا کرتا ہوں؟“‏ (‏1-‏تھسلُنیکیوں 5:‏17‏)‏ ”‏کیا مَیں اپنی دُعاؤں میں کچھ خاص باتوں کا ذکر کرتا ہوں؟“‏ ”‏کیا میرے دوست یہوواہ کے دوست بھی ہیں؟“‏—‏زبور 15:‏1،‏ 4‏۔‏

     کیا آپ کو مدد چاہیے؟‏ ”‏خدا کا کلام میری مدد کیسے کر سکتا ہے؟—‏دوسرا حصہ:‏ بائبل پڑھنے کے دلچسپ طریقے اپنائیں‏“‏ اور ”‏مجھے دُعا کیوں کرنی چاہیے؟‏‏“‏ کو دیکھیں۔‏

 مشورہ:‏ بپتسمہ لینے کی تیاری کرنے کے لیے کتاب ‏”‏نوجوانوں کے سوال اور اِن کے فائدہ‌مند جواب“‏ کی جِلد 2 کے باب نمبر 37 کو پڑھیں۔ اُن مشقوں پر غور کریں جو اِس کے ساتھ دی گئی ہیں۔‏

a مضمون ”‏کیا مجھے بپتسمہ لے لینا چاہیے؟—‏پہلا حصہ‏“‏ کو پڑھیں جس میں بپتسمے کے مطلب اور اپنی زندگی یہوواہ کے نام کرنے اور بپتسمہ لینے کی اہمیت کے بارے میں بات کی گئی ہے۔‏