مواد فوراً دِکھائیں

وسطی یورپ برانچ کی سیر

وسطی یورپ برانچ کی سیر

پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں کی 15 ایسی برانچیں ہیں جن میں چھپائی کا کام ہوتا ہے۔ اِن میں سے ایک وسطی یورپ برانچ ہے جو جرمنی کے شہر سیلٹرز کے نزدیک واقع ہے۔‏

وسطی یورپ برانچ کا باقاعدہ اِفتتاح 21 اپریل 1984ء کو ہوا تھا۔ لہٰذا پچھلے سال اِسے بنے ہوئے 30 سال مکمل ہو گئے۔ اِس لیے اِس برانچ نے مقامی لوگوں، کاروباری شخصیتوں اور سرکاری افسروں کو 23 سے 25 مئی 2014ء کو برانچ کی سیر کرنے کی دعوت دی۔‏

تقریباً 3000 لوگ برانچ کی سیر کرنے آئے۔ شہر کے ناظم نے کہا:‏ ”‏یہوواہ کے گواہوں کی برانچ میں آ کر مجھے ہمیشہ بہت اچھا لگتا ہے۔“‏ یہ ناظم تقریباً 30 سال سے مقامی حکومت کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا:‏ ”‏مَیں اِس بات پر ابھی بھی حیران ہوتا ہوں کہ یہوواہ کے گواہوں نے اِس برانچ کی تعمیر کتنی جلدی مکمل کر لی تھی!‏“‏

سیر کے دوران لوگوں نے کیا کچھ دیکھا؟‏

ایک نمائش میں وسطی یورپ میں یہوواہ کے گواہوں کی 120 سالہ تاریخ پر روشنی ڈالی گئی۔ اب یہ نمائش مستقل طور پر برانچ میں موجود ہے۔‏

ایک اَور نمائش کچھ خاص اور نایاب بائبلوں کے بارے میں تھی۔ مثال کے طور پر اِس میں پہلی مکمل جرمن بائبل رکھی گئی جو 1534ء میں شائع ہوئی۔ اِس کے علاوہ اِس میں 1599ء میں شائع ہونے والی ایک ایسی بائبل کے کچھ حصے بھی رکھے گئے جس میں متن 12 مختلف زبانوں میں ساتھ ساتھ دِکھائی دیتا ہے۔ نمائش میں ایسے چارٹ اور ویڈیوز بھی شامل تھے جن میں دِکھایا گیا کہ بائبل کے اصول جدید زمانے میں بھی کتنے عملی اور فائدہ مند ہیں۔‏

سیر کے دوران مہمانوں نے یہ بھی دیکھا کہ برانچ میں کام کرنے والے 1000 رضاکاروں کی روزمرہ زندگی کیسی ہے۔ اُنہوں نے کچھ رہائشی کمرے دیکھے، کھانے کے کمرے میں کھانا کھایا اور خوب صورت باغات کی سیر کی۔ ایک عورت نے کہا:‏ ”‏یہ جگہ بہت ہی شان دار اور صاف ستھری ہے۔“‏

مہمانوں نے وہ شعبے بھی دیکھے جن میں رسالے اور کتابیں چھاپی جاتی ہیں، کتابوں کی جِلد کی جاتی ہے اور اِنہیں 50 سے زیادہ ملکوں میں بھیجا جاتا ہے۔ ایک شخص نے کہا:‏ ”‏مَیں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہوواہ کے گواہ پوری دُنیا میں موجود ہیں اور اُن کی کتابیں دُنیا کے کونے کونے تک جاتی ہیں۔ یہ بات کسی معجزے سے کم نہیں کہ یہ سب کچھ رضاکاروں کے ذریعے کِیا جاتا ہے۔“‏

مہمان ویب سائٹ jw.org دیکھ رہے ہیں۔‏

مہمانوں کے لیے وہ سٹال بھی بہت دلچسپ تھا جس پر یہوواہ کے گواہوں کی باضابطہ ویب سائٹ jw.org کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ اِس سٹال پر بچوں اور بڑوں نے ویڈیوز دیکھیں اور اپنے بہت سے سوالوں کے جواب بھی حاصل کیے۔‏

جاتے وقت بہت سے مہمانوں کے چہروں پر مسکراہٹ تھی اور اُنہوں نے یہوواہ کے گواہوں کے کام کی تعریف کی کیونکہ اِس سیر کے ذریعے اُنہوں نے یہوواہ کے گواہوں کے عالم گیر کام کے بارے میں بہت کچھ سیکھا۔ ایک آدمی نے کہا:‏ ”‏مَیں یہوواہ کے گواہوں کے بارے میں غلط فہمی کا شکار تھا۔ لیکن اب میری رائے بدل گئی ہے۔“‏ ایک عورت نے کہا:‏ ”‏مجھے یقین ہے کہ یہ سب کچھ دیکھ کر لوگوں کے دل سے تعصب ختم ہو گیا ہے۔“‏

a 2014ء میں

b 2014ء میں

c 2014ء میں