مواد فوراً دِکھائیں

برطانیہ اور آئرلینڈ کی مقامی زبانوں میں پاک کلام کا پیغام پھیلانے کی کوششیں

برطانیہ اور آئرلینڈ کی مقامی زبانوں میں پاک کلام کا پیغام پھیلانے کی کوششیں

برطانیہ a اور آئرلینڈ میں یہوواہ کے گواہ ایسے لوگوں تک پاک کلام کا پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں جو وہاں کی مقامی زبانیں بولتے ہیں۔ اِن علاقوں میں انگریزی کے علاوہ آئرش، سکاٹش گیلک اور ویلش زبانیں بھی بولی جاتی ہیں۔‏

ستمبر 2012ء میں ہم نے اپنی ویب سائٹ org.‏jw کو نئے ڈیزائن کے ساتھ بہت سی زبانوں میں لانچ کِیا جن میں آئرش اور ویلش زبانیں بھی شامل تھیں۔ سکاٹش گیلک میں ہماری ویب سائٹ اگست 2014ء میں شروع ہوئی۔ اِس کے علاوہ ہم اِن تینوں زبانوں میں کئی مطبوعات بھی چھاپتے ہیں۔ ہماری اِن کوششوں پر لوگوں کا کیا ردِعمل رہا ہے؟‏

جب ایک پادری کو سکاٹش گیلک میں پاک کلام پر مبنی ہمارا ایک پرچہ دیا گیا تو اُس نے اِسے فوراً اُونچی آواز میں پڑھنا شروع کر دیا اور پھر وہ رونے لگا۔ وہ اِتنا جذباتی کیوں ہو گیا؟ وہ ہمارے ترجمے کے اعلیٰ معیار کو دیکھ کر حیران رہ گیا اور کہنے لگا:‏ ”‏اِس کا ترجمہ کس نے کِیا ہے؟ یہ تو بڑا زبردست ہے!‏“‏

جب org.‏jw سکاٹش گیلک میں دستیاب ہوئی تو پہلے ہی مہینے میں تقریباً 750 لوگوں نے اِسے دیکھا۔‏

آئرلینڈ کی ایک یونیورسٹی کے پروفیسر نے یہوواہ کے ایک گواہ کو بتایا کہ اُسے مذہب سے زیادہ لگاؤ نہیں تھا۔ لیکن جب اُسے پتہ چلا کہ یہوواہ کے گواہوں کی کتاب خدا کا کلام—‏تمام انسانوں کے لئے ایک اہم پیغام آئرش زبان میں دستیاب ہے تو اُس نے یہ کتاب مانگی۔ اُس کا خیال تھا کہ پاک کلام پر مبنی کتابیں اور رسالے ہر شخص کی مادری زبان میں دستیاب ہونے چاہئیں۔ اُس نے یہوواہ کے گواہوں کو بہت سراہا کہ وہ آئرش زبان میں کتابیں اور رسالے چھاپ رہے ہیں۔‏

جب ایک عمررسیدہ عورت کو ویلش زبان میں پاک کلام پر مبنی ایک کتاب دی گئی تو وہ بہت خوش ہوئی اور کہا:‏ ”‏اگر آپ مجھے یہ کتاب انگریزی میں دیتے تو شاید مَیں نہ لیتی۔ لیکن اِسے اپنی زبان میں دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہو رہی ہے۔“‏

اگست 2014ء میں ہماری ویب سائٹ org.‏jw پر مزید مواد ڈالا گیا۔ اور دلچسپی کی بات ہے کہ اِس مہینے میں اُن لوگوں کی تعداد دُگنی ہو گئی جنہوں نے ویلش زبان میں ہماری ویب سائٹ دیکھی۔‏

‏”‏ہماری زبان ایک ہے“‏

ایک مرتبہ جب یسوع مسیح نے اپنے دو شاگردوں کے سامنے پاک صحیفوں کی وضاحت کی تو اُنہوں نے ایک دوسرے سے کہا:‏ ”‏جب وہ راہ میں ہم سے باتیں کرتا اور ہم پر نوشتوں کا بھید کھولتا تھا تو کیا ہمارے دل جوش سے نہ بھر گئے تھے؟“‏ (‏لُوقا 24:‏32‏)‏ سچ ہے کہ جب لوگوں کو اُن کی مادری زبان میں پاک کلام کی سچائیاں سمجھائی جاتی ہیں تو یہ اُن کے دل تک پہنچتی ہیں۔‏

ایمر کا تعلق ویلز سے ہے اور اُن کی بیوی یہوواہ کی گواہ ہے لیکن وہ خود یہوواہ کے گواہ نہیں بننا چاہتے تھے۔ پھر اُن کی دوستی یہوواہ کے ایک گواہ سے ہوئی جس کا نام رسل ہے۔ ایمر بتاتے ہیں:‏ ”‏جب رسل نے مجھے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں b دی تو مَیں نے بائبل کورس کرنے کا فیصلہ کِیا۔ رسل نے مجھ سے کہا:‏ ”‏یہ کتاب ویلش زبان میں ہے اور ہم ابھی اِسی وقت اِس کتاب سے بائبل کورس شروع کریں گے۔“‏“‏ ایمر بائبل کورس کرنے کے لیے فوراً راضی کیوں ہو گئے؟ وہ کہتے ہیں:‏ ”‏ہماری زبان ایک ہے، ہماری ثقافت ایک ہے اور ہم ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں۔“‏ جب ایمر کو اُن کی مادری زبان میں پاک کلام کی سچائیاں بتائی گئیں تو اُن کا دل جوش سے بھر گیا کیونکہ وہ اِن سچائیوں کو اچھی طرح سمجھ گئے۔‏

یہوواہ کے گواہ لوگوں کو اُن کی مادری زبان میں خدا کے بارے میں تعلیم دیتے رہیں گے تاکہ یہ اُن کے دل تک پہنچے۔‏

a اِس مضمون میں برطانیہ سے مُراد ملک اِنگلینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویلز ہیں۔‏

b یہوواہ کے گواہ اِس کتاب کی مدد سے بائبل کورس کراتے ہیں۔‏