مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کتابِ‌مُقدس کا قابلِ‌بھروسا اور آسان ترجمہ

کتابِ‌مُقدس کا قابلِ‌بھروسا اور آسان ترجمہ

عالم ایلن ڈتھی نے اپنی کتاب بائبل کے مختلف ترجمے—‏اِنتخاب کیسے کِیا جائے؟‏ میں کہا:‏ ”‏اگر آپ مانتے ہیں کہ بائبل میں اِنسانوں کے لیے خدا کا پیغام ہے تو دراصل آپ مانتے ہیں کہ خدا اِس کے ذریعے ہم سے بات کرتا ہے۔‏ .‏ .‏ .‏ بائبل تب ہی ہماری زندگی کے ہر پہلو پر اثر کرے گی جب یہ عام بول‌چال کی زبان میں دستیاب ہوگی۔‏“‏—‏یہ کتاب انگریزی میں دستیاب ہے۔‏

جو لوگ خدا کے کلام کا احترام کرتے ہیں،‏ وہ ایلن ڈتھی کی بات سے بالکل متفق ہیں۔‏ وہ مانتے ہیں کہ ”‏پاک صحیفوں میں جو کچھ بھی لکھا ہے،‏ وہ خدا کے اِلہام سے ہے اور تعلیم دینے،‏ اِصلا‌ح کرنے،‏ معاملوں کو سدھارنے اور خدا کے معیاروں کے مطابق تربیت کرنے کے لیے فائدہ‌مند ہے۔‏“‏ (‏2-‏تیمُتھیُس 3:‏16‏)‏ بائبل صرف قدیم زمانے کے لوگوں کے لیے نہیں لکھی گئی بلکہ یہ آج بھی ”‏زندہ اور مؤثر ہے“‏ اور روزمرہ مسئلوں کو سلجھانے کے لیے عملی ہے۔‏ (‏عبرانیوں 4:‏12‏)‏ لیکن لوگ اِس مُقدس کتاب پر تب ہی عمل کر سکتے ہیں جب وہ اِسے عام بول‌چال کی زبان میں پڑھ سکیں۔‏ یاد رہے کہ نیا عہدنامہ (‏یعنی اناجیل)‏ ادبی یونانی زبان میں نہیں لکھا گیا بلکہ ایسی زبان میں لکھا گیا جو روزمرہ زندگی میں بولی جاتی تھی۔‏ اِس سے ظاہر  ہوتا ہے کہ کتابِ‌مُقدس اِس لیے لکھی گئی تاکہ عام لوگ اِسے پڑھ اور سمجھ سکیں۔‏

اِسی وجہ سے حال ہی میں مختلف زبانوں میں کتابِ‌مُقدس  کے  کئی  ترجمے شائع ہوئے ہیں اور یہ ایک حد تک فائدہ‌مند بھی رہے ہیں کیونکہ اب زیادہ لوگ کتابِ‌مُقدس کو حاصل کر سکتے اور پڑھ سکتے ہیں۔‏ لیکن بہت سے جدید ترجمے صحیح  اور واضح نہیں ہیں۔‏ مثال کے طور پر کتابِ‌مُقدس میں واضح طور پر بتایا گیا  ہے  کہ  موت کے بعد کیا ہوتا ہے اور سچے خدا کا نام کیا ہے لیکن جدید ترجموں  میں  ترجمہ‌نگا‌روں نے اِن تعلیمات کو اپنے عقیدوں کے رنگ میں رنگا  ہے۔‏

اِن وجوہات کی بِنا پر خدا کے کلام کی قدر کرنے والے لوگ یہ  سُن  کر  بہت خوش ہوئے کہ 20 نومبر 2015ء کو کتابِ‌مُقدس کا ترجمہ نئی دُنیا—‏متی سے مکاشفہ اُردو زبان میں ریلیز ہوا۔‏ یہ ترجمہ واضح اور صحیح ہے کیونکہ ترجمہ‌نگا‌روں نے اِسے اپنے مذہبی عقیدوں کے رنگ میں نہیں رنگا ہے۔‏ اِس کی مدد سے اُردو بولنے والے لوگ کتابِ‌مُقدس کے پیغام کو اچھی طرح سے سمجھ پائیں گے۔‏ لیکن شاید آپ سوچیں کہ ”‏اِس کے ترجمہ‌نگا‌ر کون ہیں؟‏“‏

ترجمہ نئی دُنیا کے ترجمہ‌نگا‌ر

اگرچہ اُردو زبان میں ترجمہ نئی دُنیا—‏متی  سے  مکاشفہ  کتابِ‌مُقدس کا ایک نیا ترجمہ ہے لیکن انگریزی زبان میں یہ ترجمہ 1950ء سے دستیاب ہے۔‏ اِسے واچ‌ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی نے شائع کِیا جو کہ بڑے عرصے سے بائبلیں شائع کر رہی ہے۔‏ 1950ء میں اِس رسالے کے ایک شمارے میں لکھا گیا:‏ ”‏اِس ترجمے کے ترجمہ‌نگا‌ر یہ نہیں چاہتے کہ اُن کی زندگی میں یا پھر اُن کی موت کے بعد اُن کے نام ظاہر کیے جائیں۔‏ اِس ترجمے کا مقصد زندہ اور سچے خدا کی بڑائی کرنا ہے۔‏“‏‏—‏دی واچ‌ٹاور 15 ستمبر 1950ء۔‏

پھر 1961ء میں انگریزی زبان میں کتابِ‌مُقدس کا مکمل  ترجمہ  نئی  دُنیا ایک ہی جِلد میں شائع کِیا گیا۔‏ حالانکہ اِس کے ترجمہ‌نگا‌روں کے نام آج تک ظاہر نہیں کیے گئے لیکن اُن کی نیت اور عقیدت پر شک نہیں کِیا جا سکتا۔‏ ترجمہ نئی دُنیا کے 2013ء کے انگریزی ایڈیشن کے تعارف میں بتایا گیا کہ ”‏ہم کتابِ‌مُقدس کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہیں اور اِس کی بڑی قدر کرتے ہیں۔‏ اِس لیے ہم نے اِس کے ترجمے پر نظرثانی کرتے وقت بڑی احتیاط سے کام لیا۔‏ ہم جانتے ہیں کہ کتابِ‌مُقدس کا صحیح ترجمہ کرنا ایک بہت بڑی ذمےداری ہے۔‏ .‏ .‏ .‏ اِس لیے ہماری کوشش تھی کہ یہ ترجمہ اصلی متن کے عین مطابق ہو اور واضح اور آسان بھی ہو۔‏“‏

کچھ عالم اِس بات سے خوش نہیں ہیں کہ ترجمہ نئی دُنیا کے ترجمہ‌نگا‌روں کے نام اور ڈگریاں ظاہر نہیں کی گئیں۔‏ لہٰذا اُن کا خیال ہے کہ اِسے اناڑیوں کا ترجمہ سمجھ کر رد کر دینا چاہیے۔‏ لیکن تمام عالم ایسی سوچ نہیں رکھتے۔‏ عالم ایلن ڈتھی نے کہا:‏ ”‏یہ اندازہ کیسے لگا‌یا جا سکتا ہے کہ بائبل کا ایک ترجمہ معیاری ہے یا نہیں؟‏ کیا اِس بات سے کہ اِس کا ترجمہ کس نے کِیا ہے؟‏ ضروری نہیں۔‏ بہترین طریقہ یہی ہے کہ ترجمے کو پڑھا جائے اور اِس کی خصوصیات کو پرکھا جائے۔‏“‏ *

اب تک دُنیا بھر میں 130 سے زیادہ زبانوں میں مکمل ترجمہ نئی دُنیا یا اِس کے کچھ حصوں کی تقریباً 21 کروڑ کاپیاں شائع ہو چکیُ ہیں۔‏ اِس ترجمے کی خصوصیات کیا ہیں؟‏

کتابِ‌مُقدس میں خدا کا نام

یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں سے کہا:‏ ”‏آپ اِس طرح سے دُعا کریں:‏ ”‏اَے آسمانی باپ!‏ تیرا نام پاک مانا جائے۔‏“‏“‏ (‏متی 6:‏9‏)‏ لیکن کتابِ‌مُقدس کے زیادہ‌تر ترجموں میں خدا کے نام کا ذکر تک نہیں کِیا گیا بلکہ اِس کی جگہ ”‏خدا“‏ یا ”‏خداوند“‏ جیسے القاب لگا‌ئے گئے۔‏ البتہ شروع میں ایسا نہیں تھا کیونکہ کتابِ‌مُقدس کے عبرانی صحیفوں (‏یعنی پُرانے عہدنامے)‏ میں خدا کا ذاتی نام یہوواہ تقریباً 7000 مرتبہ آتا ہے۔‏ (‏خروج 6:‏3؛‏ زبور 83:‏18‏)‏ مگر کچھ عرصے بعد یہودیوں نے خدا کا نام زبان پر لانا بند کر دیا کیونکہ اُنہیں وہم تھا کہ کہیں وہ خدا کی بےحُرمتی نہ کر دیں۔‏ یسوع مسیح کے قریبی ساتھیوں کی موت کے بعد مسیحی بھی اِس وہم میں مبتلا ہو گئے اور اُنہوں نے بھی خدا کا نام اِستعمال کرنا بند کر دیا۔‏ (‏اعمال 20:‏29،‏ 30؛‏ 1-‏تیمُتھیُس 4:‏1‏)‏ اِس لیے جب کتابِ‌مُقدس کے نئے عہدنامے کی نقلیں تیار کی گئیں تو آہستہ آہستہ خدا کے نام یہوواہ کی جگہ یونانی الفاظ ”‏کیریوس“‏ یعنی ”‏خداوند“‏ اور ”‏تھیوس“‏ یعنی ”‏خدا“‏ لگا‌ئے جانے لگے۔‏

ترجمہ نئی دُنیا کی وجہ سے لاکھوں لوگ کتابِ‌مُقدس میں خدا کا نام پڑھ سکتے ہیں۔‏

لیکن ترجمہ نئی دُنیا کے ترجمہ‌نگا‌روں کی کمیٹی نے  کتابِ‌مُقدس  کے  نئے عہدنامے میں بھی خدا کے نام یہوواہ کو 237 بار اِستعمال کِیا ہے۔‏ اُنہوں نے اندازوں کی بِنا پر ایسا نہیں کِیا بلکہ تحقیق اور ثبوتوں کی بِنا پر ایسا کِیا ہے۔‏ مثال کے طور پر لُوقا 4:‏18 میں یسعیاہ 61:‏1 کا اِقتباس ہے۔‏ کتابِ‌مُقدس کے عبرانی متن میں یسعیاہ کی اِس آیت میں نام یہوواہ آتا ہے۔‏ * اِسی وجہ سے ترجمہ نئی دُنیا میں لُوقا 4:‏18 کا ترجمہ اِس طرح کِیا گیا ہے:‏ ”‏یہوواہ کی روح مجھ پر ہے کیونکہ اُس نے مجھے مسح کِیا ہے تاکہ مَیں غریبوں کو خوش‌خبری سناؤں۔‏“‏

خدا کا ذاتی نام اِستعمال کرنے سے یہوواہ خدا اور یسوع مسیح میں فرق واضح ہو جاتا ہے۔‏ مثال کے طور پر کتابِ‌مُقدس کے بہت سے ترجموں میں متی 22:‏44 کا ترجمہ یوں کِیا گیا ہے:‏ ”‏خداوند نے میرے خداوند سے کہا۔‏“‏ ‏(‏اُردو ریوائزڈ ورشن)‏ لیکن یہاں کون کس سے بات کر رہا ہے؟‏ اِس آیت میں زبور 110:‏1 کا اِقتباس ہے جہاں عبرانی متن میں خدا کا نام یہوواہ آتا ہے۔‏ اِس وجہ سے ترجمہ نئی دُنیا میں متی 22:‏44 کا ترجمہ یوں کِیا گیا ہے:‏ ”‏یہوواہ نے میرے مالک سے کہا۔‏“‏ غور کریں کہ اعمال 2:‏21 میں لکھا ہے کہ ”‏جو شخص یہوواہ کا نام لیتا ہے،‏ وہ نجات پائے گا۔‏“‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ خدا اور یسوع مسیح میں فرق کرنا کتنا اہم ہے۔‏—‏مرقس 13:‏32؛‏ یوحنا 8:‏17،‏ 18؛‏ 14:‏28‏۔‏

صحیح اور واضح ترجمہ

ترجمہ نئی دُنیا کی اَور بھی خصوصیات ہیں۔‏ اِس  ترجمے  کی  بنیاد ویسٹ‌کوٹ اور ہورٹ کا نامور یونانی متن ہے لیکن ترجمہ کرتے وقت دوسرے معیاری یونانی متنوں (‏مثلاً نیسلے اور ایلینڈ اور یونائیٹڈ بائبل سوسائٹیز کے متن)‏ اور قدیم نسخوں اور پارچوں کو بھی مدِنظر رکھا گیا۔‏ ترجمہ کرتے وقت بڑی احتیاط برتی گئی کہ یونانی متن کا صحیح،‏ آسان اور عام بول‌چال کی زبان میں ترجمہ کِیا جائے۔‏ اِس طرح کتابِ‌مُقدس کے پیغام کی گہرائی کو سمجھنا،‏ اِس میں درج واقعات کو تصور کرنا اور لوگوں کے احساسات کو بھانپنا آسان ہو گیا ہے۔‏

ترجمہ نئی دُنیا میں یونانی فعلوں کا صحیح صحیح ترجمہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔‏ بہت سی جدید زبانوں میں فعل ماضی،‏ فعل حال اور فعل مستقبل اِستعمال ہوتے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ ایک کام کب کِیا گیا۔‏ لیکن یونانی زبان میں فعلوں سے یہ اندازہ بھی لگا‌یا جا سکتا ہے کہ ایک کام کس مرحلے میں ہے یعنی کہ کام ہو چُکا ہے،‏ جاری ہے یا جاری رہے گا۔‏ اِس سلسلے میں متی 6:‏33 میں یسوع مسیح کے بیان پر غور کریں جہاں اُنہوں نے کہا کہ ”‏خدا کی بادشاہت اور اُس کے نیک معیاروں کو اپنی زندگی میں پہلا درجہ دیتے رہیں۔‏“‏ فعل ”‏دیتے رہیں“‏ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اِس کام کو جاری رہنا چاہیے۔‏ اِسی طرح متی 7:‏7 کا ترجمہ یوں کِیا گیا ہے:‏ ”‏مانگتے رہیں تو آپ کو دیا جائے گا؛‏ ڈھونڈتے رہیں تو آپ کو مل جائے گا؛‏ دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں تو آپ کے لیے کھولا جائے گا۔‏“‏—‏رومیوں 6:‏2؛‏ گلتیوں 5:‏15؛‏ کُلسّیوں 3:‏19‏۔‏

ترجمہ نئی دُنیا کے صفحہ 550 پر ایک حصہ دیا گیا ہے جس کا عنوان ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ ہے۔‏ یہ اُن لوگوں کے کام آئے گا جو کتابِ‌مُقدس کا گہرائی سے مطالعہ کرنا چاہتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر اگر کوئی شخص عدالت کے دن،‏ ہنوم کی وادی،‏ سرکنڈا،‏ فرشتوں کے سردار،‏ لوبان،‏ ہرمجِدّون اور عیدِتقدیس جیسی اِصطلا‌حوں کے بارے میں تفصیل سے جاننا چاہتا ہے تو وہ اِس حصے کو دیکھ سکتا ہے۔‏

اِس کے علا‌وہ اِس ترجمے کے صفحہ 522 پر ‏”‏اِشاریہ“‏ بھی دیا  گیا  ہے۔‏  اِس میں اُردو کے حروفِ‌تہجی کے مطابق کچھ الفاظ کی فہرست ہے اور ساتھ میں کچھ آیتیں بھی ہیں جن میں یہ الفاظ آتے ہیں۔‏ اگر کسی کو ایک آیت کا کوئی اہم لفظ یاد ہے تو وہ اِسے اِشاریہ میں ڈھونڈ کر اپنی مطلوبہ آیت تلا‌ش کر سکتا ہے۔‏

مختلف زبانوں میں ترجمہ

اب جبکہ اُردو میں ترجمہ نئی دُنیا—‏متی سے مکاشفہ شائع ہو چُکا ہے تو مستقبل میں کتابِ‌مُقدس کے باقی حصوں کا ترجمہ کرنے اور اِنہیں شائع کرنے کا بندوبست بھی کِیا جا رہا ہے۔‏ لیکن کیا اُردو ترجمہ نئی دُنیا اُتنا ہی صحیح اور واضح ہے جتنا کہ انگریزی؟‏

بےشک۔‏ اِس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ترجمہ یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کی نگرانی میں کِیا گیا ہے۔‏ گورننگ باڈی نے فیصلہ کِیا کہ دوسری زبانوں میں کتابِ‌مُقدس کا ترجمہ کرنے کے لیے دُنیا بھر میں ترجمہ‌نگا‌روں کی ٹیمیں بنائی جائیں گی۔‏ اِس کے ساتھ ساتھ ترجمے کے کام کی نگرانی کرنے کے لیے یہوواہ کے گواہوں کے مرکزی دفتر میں ایک شعبہ بنایا گیا۔‏ یہ شعبہ ترجمہ‌نگا‌روں کی مدد کرتا ہے،‏ ترجمے کے سلسلے میں سوالوں کے جواب دیتا ہے اور اِس بات کا خیال رکھتا ہے کہ سب زبانوں میں ترجمے کا معیار ایک جیسا ہو۔‏ اِس کے علا‌وہ ترجمہ‌نگا‌روں کی مدد کے لیے ایک خاص کمپیوٹر پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے جس کا نام واچ‌ٹاور ٹرانسلیشن سسٹم ہے۔‏ یہ پروگرام ترجمہ‌نگا‌روں کے کام کو قدراً آسان کر دیتا ہے لیکن ظاہر ہے کہ یہ اُن کی جگہ نہیں لے سکتا۔‏ اِس کی مدد سے وہ اپنی زبان میں کتابِ‌مُقدس کا اُتنا ہی صحیح اور واضح ترجمہ کر سکتے ہیں جتنا کہ انگریزی زبان میں ہے۔‏ اِس پروگرام کے ذریعے ترجمہ‌نگا‌ر دیکھ سکتے ہیں کہ ہر عبرانی اور یونانی لفظ کا انگریزی میں کیا ترجمہ کِیا گیا ہے اور یوں وہ اپنی زبان میں مترادف لفظ زیادہ آسانی سے ڈھونڈ سکتے ہیں۔‏

یہ تمام اِنتظامات بہت ہی فائدہ‌مند رہے ہیں۔‏ اِس بات کا اندازہ  آپ  کو اُس وقت ہوگا جب آپ کتابِ‌مُقدس کا ترجمہ نئی دُنیا—‏متی سے مکاشفہ پڑھیں گے۔‏ اُمید ہے کہ یہ ترجمہ آپ کو پسند آئے گا۔‏ اِس کی لکھائی واضح اور صاف ہے۔‏ اِس کے علا‌وہ ہر کتاب کے شروع میں ابواب کا خاکہ ہے جس میں کتاب کا خلا‌صہ دیا گیا ہے۔‏ اِس خاکے کی مدد سے جانی پہچانی آیتوں کو آسانی سے تلا‌ش کِیا جا سکتا ہے۔‏ ترجمہ نئی دُنیا کے ساتھ ساتھ دو چھوٹی کتابیں بھی شائع کی گئی ہیں جن کے نام یہ ہیں:‏ کتابِ‌مُقدس کا تعارف اور کتابِ‌مُقدس کی تحقیق کے لیے گائیڈ۔‏ اِن میں بہت سی دلچسپ معلومات پائی جاتی ہیں،‏ مثلاً رنگ‌برنگے نقشے،‏ تفصیلی چارٹ وغیرہ۔‏ ترجمہ نئی دُنیا کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ خدا کے پیغام کا بالکل صحیح اور عام بول‌چال کی زبان میں ترجمہ کِیا گیا ہے۔‏ اگر آپ چاہیں تو آپ یہ ترجمہ اِس رسالے کے ناشرین سے حاصل کر سکتے ہیں۔‏

^ پیراگراف 9 نیو امریکن سٹینڈرڈ بائبل کے 1971ء کے ایڈیشن میں بھی لکھا ہے کہ ”‏ہم نے اِس کتاب میں کسی عالم کا نام نہیں لگا‌یا کیونکہ ہمارا خیال ہے کہ اِسے پڑھ کر ہی اِس کے معیار کا اندازہ لگا‌یا جا سکتا ہے۔‏“‏

^ پیراگراف 13 نئے عہدنامے میں پُرانے عہدنامے کے جو اِقتباسات ہیں،‏ اکثر وہ سپتواجنتا سے لیے گئے تھے جو کہ پُرانے عہدنامے کا یونانی ترجمہ ہے۔‏ سپتواجنتا کی زیادہ‌تر کاپیوں میں خدا کا نام یہوواہ نہیں آتا جس کی وجہ سے عالموں کا خیال ہے کہ اِسے نئے عہدنامے میں نہیں لگا‌نا چاہیے۔‏ لیکن سپتواجنتا کی سب سے پُرانی کاپیوں میں خدا کا نام عبرانی حروف میں لکھا ہے۔‏ اِس لیے نئے عہدنامے میں بھی نام یہوواہ لگا‌نا واجب ہے۔‏