مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

پاک کلام سے متعلق سوال‌وجواب

پاک کلام سے متعلق سوال‌وجواب

کیا خدا سب لوگوں کی دُعاؤں کو سنتا ہے؟‏

خدا ہر قوم کے لوگوں کی دُعاؤں کو سنتا ہے۔‏ (‏زبور 145:‏18،‏ 19‏)‏ پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ ہم خدا سے کسی بھی بات کے بارے میں دُعا کر سکتے ہیں۔‏ (‏فلپیوں 4:‏6،‏ 7‏)‏ لیکن کچھ دُعائیں ایسی ہیں جنہیں خدا پسند نہیں کرتا۔‏ مثال کے طور پر خدا ایسی دُعاؤں کو پسند نہیں کرتا جن میں بغیر سوچے سمجھے ایک ہی بات کو باربار دُہرایا جاتا ہے۔‏‏—‏متی 6:‏7 کو پڑھیں۔‏

اِس کے علاوہ یہوواہ خدا اُن لوگوں کی دُعاؤں کو بھی نہیں سنتا جو جان‌بُوجھ کر اُس کے حکموں کو توڑتے ہیں۔‏ (‏امثال 28:‏9‏)‏ مثال کے طور پر پُرانے زمانے میں خدا نے اُن اِسرائیلیوں کی دُعاؤں کو نہیں سنا جن کے ہاتھ خون سے رنگے تھے۔‏ اِس لئے اگر ہم چاہتے ہیں کہ خدا ہماری دُعا کو سنے تو ہمیں اُس کی شرطوں پر پورا اُترنا ہوگا۔‏‏—‏یسعیاہ 1:‏15 کو پڑھیں۔‏

ہمیں کیا کرنا چاہئے تاکہ خدا ہماری دُعاؤں کو سنے؟‏

اگر ہم چاہتے ہیں کہ خدا ہماری دُعاؤں کو سنے تو ہمیں اُس پر مضبوط ایمان رکھنا چاہئے۔‏ (‏یعقوب 1:‏5،‏ 6‏)‏ ہمیں اِس بات پر پکا یقین رکھنا چاہئے کہ خدا موجود ہے اور اُسے ہماری فکر ہے۔‏ لیکن ہم مضبوط ایمان پیدا کرنے کے لئے کیا کر سکتے ہیں؟‏ ہم خدا کے کلام کو پڑھ سکتے اور اِس پر سوچ‌بچار کر سکتے ہیں کیونکہ اِس میں بہت سی ایسی باتیں لکھی ہیں جن سے ہمارا ایمان مضبوط ہو سکتا ہے۔‏‏—‏عبرانیوں 11:‏1،‏ 6 کو پڑھیں۔‏

اِس کے علاوہ ہمیں سچے دل اور عاجزی سے خدا سے دُعا کرنی چاہئے۔‏ اِس سلسلے میں ابرہام نبی نے ہمارے لئے بہت اچھی مثال قائم کی۔‏ اُنہوں نے بڑی خاکساری کے ساتھ خدا سے دُعا کی۔‏ (‏پیدایش 18:‏27‏)‏ اِس سے ہم سیکھتے ہیں کہ دُعا کرتے وقت ہمیں خدا سے کیسے بات کرنی چاہئے۔‏ خدا کو یہ بتانے کی بجائے کہ وہ ہمارے لئے فلاں کام کرے،‏ ہمیں پاک کلام سے یہ جاننے کی کوشش کرنی چاہئے کہ خدا ہم سے کیا چاہتا ہے۔‏ یوں ہم خدا کی مرضی کے مطابق اُس سے دُعا کر سکیں گے۔‏‏—‏1-‏یوحنا 5:‏14 کو پڑھیں۔‏