مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق نمبر 29

مرنے کے بعد اِنسان کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟‏

مرنے کے بعد اِنسان کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟‏

کیا آپ کا کوئی عزیز موت کی وجہ سے آپ سے بچھڑ گیا ہے؟ اُس وقت شاید آپ کے ذہن میں یہ سوال آئے ہوں:‏ ”‏جب اِنسان مرتا ہے تو اُس کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟ کیا ہم دوبارہ کبھی اپنے اُن عزیزوں سے مل پائیں گے جو فوت ہو گئے ہیں؟“‏ اِس سبق میں اور اگلے سبق میں بائبل سے اِن سوالوں کے جواب حاصل کر کے آپ کو بڑی تسلی ملے گی۔‏

1.‏ جب اِنسان مرتا ہے تو اُس کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟‏

یسوع مسیح نے ظاہر کِیا کہ موت گہری نیند کی طرح ہے۔ جو شخص گہری نیند میں ہوتا ہے، اُسے اِس بات کی خبر نہیں ہوتی کہ اُس کے اِردگِرد کیا ہو رہا ہے۔ موت نیند کی طرح کیسے ہے؟ جب ایک شخص مر جاتا ہے تو اُسے کسی قسم کی تکلیف نہیں ہوتی۔ اُسے اپنے دوستوں اور گھر والوں کی یاد نہیں ستاتی پھر چاہے وہ اُن سے جتنا بھی پیار کرتا ہو۔ بائبل میں اِس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ ‏”‏مُردے کچھ بھی نہیں جانتے۔“‏‏—‏واعظ 9:‏5 کو پڑھیں۔‏

2.‏ موت کے بارے میں سچائی جاننے سے ہمیں کیا فائدہ ہوتا ہے؟‏

بہت سے لوگ موت سے یہاں تک کہ مُردوں سے بھی ڈرتے ہیں۔ لیکن آپ کو بائبل سے موت کے بارے میں سچائی جان کر تسلی ملے گی۔ یسوع مسیح نے کہا:‏ ‏”‏سچائی آپ کو آزاد کر دے گی۔“‏ (‏یوحنا 8:‏32‏)‏ کچھ مذاہب میں یہ سکھایا جاتا ہے کہ اِنسان کے اندر کوئی شے ہوتی ہے جو اُس کے مرنے کے بعد زندہ رہتی ہے۔ لیکن بائبل میں یہ تعلیم نہیں دی گئی۔ اِس لیے مرنے کے بعد کوئی بھی شخص تکلیف نہیں اُٹھاتا۔ اِس کے علاوہ مُردے ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتے کیونکہ وہ کچھ بھی نہیں جانتے۔ اِس لیے ہمیں نہ تو مُردوں کو خوش کرنے کی ضرورت ہے، نہ اُن کی عبادت کرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی اُن کے لیے دُعائیں کرنے کی ضرورت ہے۔‏

کچھ لوگ کہتے ہیں کہ وہ مُردوں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ لیکن ایسا ممکن نہیں ہے کیونکہ ہم نے سیکھا ہے کہ ”‏مُردے کچھ بھی نہیں جانتے۔“‏ جن لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ اپنے اُن عزیزوں سے بات کر رہے ہیں جو فوت ہو چُکے ہیں، وہ اصل میں بُرے فرشتوں سے بات کر رہے ہوتے ہیں۔ دراصل بُرے فرشتے اُن لوگوں پر یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اُن کے فوت ہو جانے والے عزیز ہیں۔ اِس لیے اگر ہم مُردوں کے بارے میں سچائی جان جاتے ہیں تو ہم بُرے فرشتوں سے بچ سکتے ہیں۔ یہوواہ خدا ہمیں خبردار کرتا ہے کہ ہم مُردوں سے رابطہ کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ وہ جانتا ہے کہ ایسا کرنے سے ہم بُرے فرشتوں سے بات کر رہے ہوں گے اور اِس سے ہمیں نقصان ہوگا۔—‏اِستثنا 18:‏10-‏12 کو فٹ‌نوٹ سے پڑھیں۔‏ a

موضوع کی گہرائی میں جائیں

اِس بارے میں مزید جانیں کہ بائبل میں موت کے حوالے سے کیا بتایا گیا ہے۔ یہ بھی دیکھیں کہ یہوواہ ایک شفیق خدا ہے اور وہ لوگوں کو مرنے کے بعد سزا نہیں دیتا۔‏

3.‏ مُردوں کی حالت کے بارے میں سچائی جانیں

دُنیا بھر میں لوگوں کے اِس بارے میں فرق فرق نظریات ہیں کہ مرنے کے بعد اِنسان کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔ ظاہری بات ہے کہ یہ سارے نظریات صحیح نہیں ہو سکتے۔‏

  • آپ کے علاقے میں لوگ مُردوں کے بارے میں کیا مانتے ہیں؟‏

یہ جاننے کے لیے کہ اِس حوالے سے بائبل میں کیا بتایا گیا ہے، ویڈیو چلائیں‏۔‏

واعظ 3:‏20 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • اِس آیت کے مطابق مرنے کے بعد اِنسان کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟‏

  • کیا اِنسان کے جسم میں کوئی ایسی شے ہوتی ہے جو مرنے کے بعد زندہ رہتی ہے؟‏

بائبل میں یسوع کے قریبی دوست لعزر کی موت کا واقعہ لکھا ہے۔ یوحنا 11:‏11-‏14 کو پڑھیں اور دیکھیں کہ لعزر کی موت کے بعد یسوع نے اُن کی حالت کے بارے میں کیا کہا۔ پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • یسوع نے موت کا موازنہ کس چیز سے کِیا؟‏

  • اِس موازنے سے ہمیں مُردوں کی حالت کے بارے میں کیا پتہ چلتا ہے؟‏

  • بائبل سے مُردوں کی حالت کے بارے میں سچائی جان کر آپ کو کیسا لگتا ہے؟‏

4.‏ موت کے بارے میں سچائی جاننے سے ہمیں فائدہ ہوتا ہے

جب ہم موت کے بارے میں سچائی جان جاتے ہیں تو ہم مُردوں کے خوف سے آزاد ہو جاتے ہیں۔ واعظ 9:‏10 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • کیا مُردے ہمیں نقصان پہنچا سکتے ہیں؟‏

جب ہم بائبل سے موت کے بارے میں سچائی جان جاتے ہیں تو ہم یہ سمجھ جاتے ہیں کہ ہمیں مُردوں کو خوش کرنے یا اُن کی عبادت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یسعیاہ 8:‏19 اور مکاشفہ 4:‏11 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • آپ کے خیال میں جب کوئی شخص مُردوں کی عبادت کرتا ہے یا اُن کی مدد لینے کی کوشش کرتا ہے تو یہوواہ کو کیسا لگتا ہے؟‏

موت کے بارے میں سچائی جاننے سے ہم ایسی رسموں سے آزاد ہو جاتے ہیں جو یہوواہ خدا کو پسند نہیں ہیں۔‏

5.‏ موت کے بارے میں سچائی جاننے سے ہمیں تسلی ملتی ہے

بہت سے لوگوں کو سکھایا جاتا ہے کہ مرنے کے بعد اُنہیں اُن کے گُناہوں کی سزا ملے گی۔ لیکن ہمیں یہ جان کر بڑی تسلی ملتی ہے کہ مرنے کے بعد کسی کو بھی اذیت نہیں دی جاتی، اُن لوگوں کو بھی نہیں جنہوں نے بہت بُرے کام کیے ہوتے ہیں۔ رومیوں 6:‏7 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • بائبل میں لکھا ہے کہ جو شخص مر جاتا ہے، اُس کا گُناہ معاف ہو جاتا ہے۔ تو پھر کیا اُن لوگوں کو اُن کے گُناہوں کی سزا مل رہی ہے جو مر چُکے ہیں؟‏

جتنا زیادہ ہم یہوواہ خدا کو قریب سے جانتے ہیں اُتنی اچھی طرح ہم سمجھ جاتے ہیں کہ وہ کبھی بھی مُردوں کو اذیت نہیں دیتا۔ اِستثنا 32:‏4 اور 1-‏یوحنا 4:‏8 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • اِن آیتوں میں خدا کی فرق فرق خوبیوں کا ذکر کِیا گیا ہے۔ اگر خدا میں یہ خوبیاں ہیں تو کیا وہ چاہے گا کہ اُن لوگوں کو تڑپایا جائے جو مر چُکے ہیں؟‏

  • کیا آپ کو موت کے بارے میں سچائی جان کر تسلی ملتی ہے؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی کیا وجہ ہے؟‏

کچھ لوگ کہتے ہیں:‏ ”‏مجھے یہ سوچ کر ڈر لگتا ہے کہ جب مَیں مروں گا تو میرے ساتھ کیا ہوگا۔“‏

  • آپ بائبل کی کن آیتوں کے ذریعے اُس شخص کو تسلی دیں گے؟‏

خلاصہ

جب ایک شخص مر جاتا ہے تو اُس کی زندگی ختم ہو جاتی ہے۔ مُردوں کو اذیت نہیں پہنچائی جاتی اور وہ اُن لوگوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے جو زندہ ہیں۔‏

دُہرائی

  • جب ایک شخص مر جاتا ہے تو اُس کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟‏

  • موت کے بارے میں سچائی جاننے سے ہمیں کیا فائدہ ہوتا ہے؟‏

  • موت کے بارے میں سچائی جاننے سے ہمیں تسلی کیسے ملتی ہے؟‏

اب یہ کرنا ہے:‏

مزید جانیں

اِس مضمون میں پڑھیں کہ بائبل میں جس لفظ کا ترجمہ ”‏جان“‏ کِیا گیا ہے، اُس کا کیا مطلب ہے۔‏

‏”‏جان کیا ہے؟“‏ (‏ویب‌سائٹ پر مضمون)‏

اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ کیا خدا بُرے لوگوں کو دوزخ میں سزا دیتا ہے۔‏

کیا دوزخ واقعی ہے؟‏ (‏07:‏3)‏

اِس مضمون میں پڑھیں کہ جب ایک شخص نے سیکھا کہ مرنے کے بعد اِنسان کے ساتھ کیا ہوتا ہے تو اُسے کیسے تسلی ملی۔‏

‏”‏مَیں بائبل کے واضح جوابوں سے بڑا متاثر ہوا!‏“‏ (‏‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کا مضمون)‏

a اِستثنا 18:‏10-‏12 ‏(‏ترجمہ نئی دُنیا)‏:‏ ”‏تُم میں سے کوئی بھی اپنے بیٹے یا بیٹی کو آگ میں قربان نہ کرے، غیب‌دانی نہ کرے، جادوٹونا نہ کرے، فال نہ نکالے، عامل نہ ہو، کسی پر منتر پھونک کر اُسے اپنے بس میں نہ کرے، مُردوں سے رابطہ کرنے کی کوشش نہ کرے یا ایسے لوگوں سے رُجوع نہ کرے جو مُردوں سے رابطہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں یا مستقبل کا حال بتاتے ہیں کیونکہ جو شخص ایسے کام کرتا ہے، یہوواہ اُس سے گِھن کھاتا ہے اور اِن گھناؤنے کاموں کی وجہ سے ہی یہوواہ تمہارا خدا اُن قوموں کو تمہارے سامنے سے بھگانے والا ہے۔“‏