مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق نمبر 04

خدا کون ہے؟‏

خدا کون ہے؟‏

اِنسان تقریباً شروع سے ہی بہت سے دیوی دیوتاؤں کو پوجتے آئے ہیں۔ لیکن بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ایک ایسا خدا ہے جو ”‏سب معبودوں سے عظیم ہے۔“‏ (‏2-‏تواریخ 2:‏5‏)‏ وہ خدا کون ہے؟ اور وہ اُن سارے خداؤں سے عظیم کیوں ہے جن کی لوگ عبادت کرتے ہیں؟ اِس سبق میں آپ سیکھیں گے کہ خدا آپ کو اپنے بارے میں کیا بتانا چاہتا ہے۔‏

1.‏ خدا کا نام کیا ہے اور ہمیں کیسے پتہ چلتا ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کا نام جانیں؟‏

بائبل میں خدا نے ہمیں اپنا نام بتایا ہے۔ اُس نے کہا ہے:‏ ‏”‏یہوؔواہ مَیں ہوں۔ یہی میرا نام ہے۔“‏ (‏یسعیاہ 42:‏5،‏ 8 کو پڑھیں۔)‏ نام ”‏یہوواہ“‏ایک عبرانی لفظ کا ترجمہ ہے۔ بہت سے عالموں کے مطابق اِس نام کا مطلب ہے:‏ ”‏وہ بناتا ہے۔“‏ یہوواہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کے نام کے بارے میں جانیں۔ (‏خروج 3:‏15‏)‏ ہم ایسا اِس لیے کہہ سکتے ہیں کیونکہ بائبل میں خدا کا نام 7000 سے زیادہ بار آتا ہے۔‏ a ”‏اُوپر آسمان میں اور نیچے زمین پر“‏ ایک ہی سچا خدا ہے اور اُس کا نام یہوواہ ہے۔—‏اِستثنا 4:‏39‏۔‏

2.‏ بائبل سے یہوواہ خدا کے بارے میں کیا پتہ چلتا ہے؟‏

بائبل میں بتایا گیا ہے کہ اِنسان جتنے بھی خداؤں کی عبادت کرتے ہیں، اُن میں سے صرف یہوواہ ہی سچا خدا ہے۔ اِس کی بہت سی وجوہات ہیں۔ یہوواہ خدا ہر چیز پر اِختیار رکھتا ہے اور وہ ‏”‏تمام زمین پر بلندوبالا ہے“‏ یعنی وہ سب سے بڑا ہے۔ (‏زبور 83:‏18 کو پڑھیں۔)‏ وہ ”‏لامحدود قدرت کا مالک ہے۔“‏ اِس کا مطلب ہے کہ اُس کے پاس ہر وہ کام کرنے کی طاقت ہے جو وہ کرنا چاہتا ہے۔ اُس نے ”‏سب چیزیں بنائی ہیں“‏ یعنی کائنات اور زمین پر موجود سارے جان‌دار۔ (‏مکاشفہ 4:‏8،‏ 11‏)‏ صرف یہوواہ خدا ہی ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ تک رہے گا۔—‏زبور 90:‏2‏۔‏

موضوع کی گہرائی میں جائیں

غور کریں کہ خدا کے لیے جو لقب اِستعمال کیے جاتے ہیں، اُن میں اور اُس کے نام میں کیا فرق ہے۔ یہ بھی جانیں کہ اُس نے ہمیں اپنا نام کیسے بتایا ہے اور کیوں بتایا ہے۔‏

3.‏ خدا کے بہت سے لقب ہیں لیکن نام صرف ایک ہے

یہ جاننے کے لیے کہ ایک شخص کے لقب اور نام میں کیا فرق ہوتا ہے، ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • ایک لقب جیسے کہ ”‏خداوند“‏ اور نام میں کیا فرق ہے؟‏

بائبل میں بتایا گیا ہے کہ لوگ بہت سے دیوی دیوتاؤں اور خداؤں کی عبادت کرتے ہیں۔ خروج 15:‏3،‏ 11 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • کون سا معبود سب سے عظیم ہے؟‏

4.‏ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ آپ اُس کا نام جانیں اور اِسے اِستعمال کریں

یہ کیسے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ چاہتا ہے کہ آپ اُس کا نام جانیں؟ ویڈیو چلائیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • آپ کے خیال میں یہوواہ یہ کیوں چاہتا ہے کہ لوگ اُس کا نام جانیں؟‏

یہوواہ چاہتا ہے کہ لوگ اُس کا نام اِستعمال کریں۔ رومیوں 10:‏13 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • خدا کا نام یہوواہ اِستعمال کرنا کتنا اہم ہے؟‏

  • جب کوئی شخص آپ کا نام یاد رکھتا ہے اور اِسے اِستعمال کرتا ہے تو آپ کو کیسا لگتا ہے؟‏

  • جب آپ یہوواہ کا نام اِستعمال کرتے ہیں تو اُسے کیسا لگتا ہے؟‏

5.‏ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ آپ اُس کے دوست بنیں

ملک کمبوڈیا سے سوٹین نامی ایک عورت نے بتایا کہ خدا کا نام جاننے سے اُسے اِتنی خوشی ملی ہے جتنی پہلے کبھی نہیں ملی۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • خدا کا نام جاننے سے سوٹین کی زندگی پر کیا اثر ہوا؟‏

کسی سے دوستی کرنے سے پہلے آپ اُس کا نام معلوم کرتے ہیں۔ یعقوب 4:‏8 کے پہلے حصے کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • یہوواہ آپ کو کیا کرنے کو کہہ رہا ہے؟‏

  • خدا کا نام جاننے اور اِسے اِستعمال کرنے سے آپ اُس کے قریب کیسے جا سکتے ہیں؟‏

کچھ لوگ کہتے ہیں:‏ ”‏خدا تو ایک ہی ہے اِس لیے اُسے کسی بھی نام سے پکارا جا سکتا ہے۔“‏

  • کیا آپ مانتے ہیں کہ خدا کا نام یہوواہ ہے؟‏

  • آپ کسی کو یہ کیسے سمجھائیں گے کہ خدا چاہتا ہے کہ ہم اُس کا نام اِستعمال کریں؟‏

خلاصہ

سچا خدا ایک ہی ہے اور اُس کا نام یہوواہ ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کا نام جانیں اور اِستعمال کریں تاکہ ہم اُس کے قریب جا سکیں۔‏

دُہرائی

  • یہوواہ اُن تمام خداؤں سے فرق کیوں ہے جن کی لوگ عبادت کرتے ہیں؟‏

  • ہمیں خدا کا نام کیوں اِستعمال کرنا چاہیے؟‏

  • یہ کیسے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ چاہتا ہے کہ آپ اُس کے قریب جائیں؟‏

اب یہ کرنا ہے:‏

مزید جانیں

اِس مضمون میں پانچ ایسی دلیلوں پر غور کریں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ خدا کا وجود ہے۔‏

‏”‏کیا خدا کا کوئی وجود ہے؟“‏ (‏ویب‌سائٹ پر مضمون)‏

اِس مضمون میں پڑھیں کہ یہ ماننا کیوں مناسب ہے کہ خدا ہمیشہ سے موجود ہے۔‏

‏”‏خدا کو کس نے بنایا ہے؟“‏ (‏‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کا مضمون)‏

اِس مضمون میں پڑھیں کہ ہمیں خدا کا نام کیوں اِستعمال کرنا چاہیے حالانکہ ہم اِس کا درست تلفظ نہیں جانتے۔‏

‏”‏یہوواہ کون ہے؟“‏ (‏ویب‌سائٹ پر مضمون)‏

کیا اِس سے کوئی فرق پڑتا ہے کہ ہم خدا کو کس نام سے پکارتے ہیں؟ اِس مضمون میں پڑھیں کہ ہم کیوں کہہ سکتے ہیں کہ خدا کا صرف ایک نام ہے۔‏

‏”‏خدا کے کتنے نام ہیں؟“‏ (‏ویب‌سائٹ پر مضمون)‏

a اِس بارے میں اَور جاننے کے لیے کتاب ‏”‏کتابِ‌مُقدس کی تحقیق کے لیے گائیڈ“‏ کے حصہ 1 کو دیکھیں۔ اِس میں بتایا گیا ہے کہ خدا کے نام کا کیا مطلب ہے اور بائبل کے کچھ ترجموں سے یہ نام کیوں نکال دیا گیا ہے۔‏